کوئٹہ: (حسن بٹ) سال 2025 کے پہلے ماہ میں کوئٹہ میں قتل اور اغواء سمیت مختلف واقعات رپورٹ ہوئے، شہر میں بڑھتے جرائم سے متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی خوفزدہ ہیں۔
اہل بلوچستان امن و امان اور لاقانونیت کی مخدوش صورتحال کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
رواں سال کے پہلے ماہ کے دوران کوئٹہ میں قتل کے 10، اغواء کے 19، ڈکیتی کے 4، چوری کے 18 جبکہ لوٹ مار کے 21 واقعات رپورٹ ہوئے، غیرت کے نام پر قتل کا ایک، گاڑیاں چھیننے اور چوری کے 6 جبکہ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کے 97 واقعات رپورٹ ہوئے جس نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔
جرائم کے ان بڑھتے واقعات کے پیش نظر پولیس کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پولیس نے ماہ جنوری میں مختلف واقعات میں 541 افراد کو نامزد کیا جبکہ 300 سے زائد افراد گرفتار ہوئے، پہلے ماہ کے دوران 6 گاڑیاں جبکہ 29 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔
صوبائی دارالحکومت میں جرائم کے ان بڑھتے واقعات پر متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہیں۔