کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں شہریوں کو ہراساں کرکے لوٹ مار کرنے والے تین جعلی پولیس اہلکار پکڑے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزموں کی شناخت سلیم خان، اخلاق اور بشیر کے نام سے ہوئی ہے جن کے قبضے سے پولیس نے جعلی پولیس کارڈز، کیپ، بیلٹ اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی، ملزم عیدگاہ اور اطراف کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکار بن کر لوٹ مار کرتے تھے۔
حکام نے مزید بتایا کہ پولیس نے دوران پیٹرولنگ ملزموں کو روکا تو انہوں نے خود کو پولیس کانسٹیبل ظاہر کیا تاہم شک کی بنا پر پولیس نے انہیں تھانے منتقل کیا اور تفتیش کے دوران وہ جعلی پولیس اہلکار نکلے جس پر تینوں ملزموں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا اور تفتیش شروع کردی۔