لاہور: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران ایک خارجی سمیت 15 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 143 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 15 دہشت گرد گرفتار کیے، کارروائیاں لاہور، سیالکوٹ، گجرات، اٹک، سرگودھا، بہاولپور، جھنگ، میانوالی، چنیوٹ اور اٹک میں کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے فتنہ الخوارج کے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، دہشت گرد کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، 6 ڈیٹونیٹرز، 18 فٹ حفاظتی فیوز تار، اشتعال انگیز پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوئی، دہشت گردوں کی شناخت مدثر خان، سجاد احمد ،عاشق، اجمل خان، عمیر اقبال، محمد اعجاز، سہیل احمد اور عیسیٰ خان وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں ہفتے میں 1498 کومبنگ آپریشنز کے دوران 556 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، کومبنگ آپریشنز میں 64 ہزار 511 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کاروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔