گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لئے۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کر کے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کی شناخت آصف جاوید، محمد فیضان اور طیب سہیل جٹ کے نام سے ہوئی۔
گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے، ملزمان کو گوجرانوالہ، قصور اور لاہور سے گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزم آصف جاوید گزشتہ 9 سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا، ملزم نے شہری کو جرمنی ملازمت کا جھانسہ دے کر 15 لاکھ روپے بٹورے، ملزم کے خلاف سال 2016 سے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں مقدمہ درج تھا۔
ملزم فیضان نے شہری کو ملائیشیا بھجوانے کے نام پر 6 لاکھ روپے بٹورے جبکہ ملزم طیب سہیل نے شہری کوبرطانیہ ملازمت کا جھانسہ دیکر45 لاکھ 60 ہزار روپے بٹورے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کہا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔