ایبٹ آباد : حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان گرفتار

Published On 18 February,2025 12:58 pm

ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد دانیال صالح اور محمد امین شامل ہیں ، ملزمان کو ہری پور اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ اشتہاری ملزم دانیال صالح انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے ، ملزم نے شہری کو قطر کا ورک ویزہ فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے ، ملزم سال 2023 سے مطلوبہ ملزمان کی فہرست میں شامل ہے ۔

ایف آئی اے کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم محمد امین کو مین بازار ہری پور سے گرفتار کر کے 7 لاکھ 20 ہزار روپے برآمد کیے گئے، ملزم سے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔