انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

Published On 19 March,2025 12:39 pm

پشاور: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کی شناخت خلیل اللہ، مرجان علی اور حارث خان خلیل کے نام سے ہوئی۔

ترجمان کے مطابق ملزم خلیل اللہ اور مرجان علی کو چھاپہ مار کارروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان 2024 میں درج کیے گئے مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان شہریوں کو امریکی ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق پشاور میں واقع ٹریول ایجنسی کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا اور ملزم حارث خان خلیل کو گرفتار کیا گیا، ملزم بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا، کارروائی کے دوران ملزم سے 4 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے۔