ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی سمگلرزسمیت چارایجنٹ گرفتار

Published On 09 April,2025 12:21 pm

گوجرانوالہ: ( دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کر کے سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث سمگلرز سمیت 4 ایجنٹ گرفتار کر لئے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جن کی شناخت بشارت حسین، شاہ زیب عرف سونو، مظہراقبال اور شاہد رسول کے ناموں سے ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم بشارت حسین نے شہری کو سمندر کے راستے اٹلی بھجوانے کے لیے 60 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے اور یونان کی بجائے لیبیا بھجوایا، ملزم اور اس کے ساتھیوں نے شہری کو لیبیا کے سیف ہاؤسز میں محصور رکھ کر تاوان کا مطالبہ کیا۔

ملزم نے شہری کو کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر لیبیا سے یونان سمگل کی کوشش کی، جس پر شہری نے سمندر کے راستے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور پاکستان واپس آ گیا۔

ترجمان کے مطابق انسانی سمگلر شاہ زیب نے شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کے لیے 80 لاکھ روپے فی کس ہتھیائے، شہریوں کو دھوکے سے کینیڈا کی بجائے ایران بھجوا دیا، وہاں انہیں محصور کر کے تاوان کا مطالبہ کیا۔

اس کے علاوہ ملزم مظہر اقبال نے شہری کو کینیڈا میں ملازمت دلوانے کی غرض سے 94 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ ملزم شاہد رسول نے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چاروں ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہوگئے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔