ایف آئی اے کی کارروائیاں، نادرا ایجنٹ سمیت 5 انسانی سمگلر گرفتار

Published On 20 April,2025 03:40 pm

اسلام آباد، گوجرانوالہ (دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی الگ الگ کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ اور ڈیٹا ٹمپرنگ میں ملوث 5 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ نے ایک کارروائی میں انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ اور ڈیٹا ٹمپرنگ میں ملوث نادرا ایجنٹ سمیت3 ملزماوں کو گرفتار کیا، ملزمان کی شناخت اطہر بٹ، زمان اکرم اور رؤف مسیح کے نام سے ہوئی۔

حکام کے مطابق ملزم اطہر بٹ کو نارووال سے گرفتار کیا گیا جو شہریوں کی ڈیٹا کی ٹمپرنگ، فیملی ٹری میں مداخلت اور جعلی شناختی کارڈز کے اجراء میں ملوث پایا گیا، جبکہ ملزم کے ساتھ شامل نادرا آفیشل کے ملوث ہونے کا تعین کیا جا رہا ہے۔

گوجرانوالہ ایف آئی اے زون نے ایک اور کاروائی میں ملزم زمان اکرم کو گرفتار کیا جس نے شہری کو کینیڈا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 92 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، اور شہری کو بھجوانے ناکام رہا، ملزم رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نارووال میں ہی ایک اورچھاپہ مار کارروائی میں ملزم رؤف مسیح کو پکڑا گیا، ملزم نے شہری کو یو اے ای بھجوانے کے لیے 3 لاکھ روپے وصول کئے لیکن بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا۔

ادھر ایف آئی اے اسلام آباد نے ایبٹ آباد میں کامیاب چھاپہ مار کر 2 انسانی سمگلرز گرفتار کئے، ملزم محمد ساجد جیلانی اور جاوید اقبال کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے، ملزمان کے قبضے سے 8 پاکستانی پاسپورٹ، میڈیکل سرٹیفکیٹس، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس بھی برآمد ہوئے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزموں سے مختلف افراد کے شناختی کارڈز، بینک چیکس، اے ٹی ایم کارڈز، ایک ڈائری اور 2 موبائل فونز برآمد کئے گئے، ملزمان نے کئی معصوم شہریوں کو ایران اور عراق سمگل کیا، غیر قانونی طریقے سے باہر بھجوائے گئے افراد سے فراڈ کی درخواست پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔