ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلیے

Published On 27 May,2025 07:01 pm

گوجرانوالہ :(دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔

 آئی ایم ایف ترجمان کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد عمران بٹ اور واجد علی شاہ کے نام سے ہوئی، ملزمان کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے ہے گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی میں ملوث ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزمان سے 19 لاکھ روپے برآمد ہوئے، ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار ملزمان بین الاقوامی نیٹ ورک سے رابطے میں تھے،ان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بشمول 66 رسیدیں، 4 بینک سلپس اور موبائل فون بھی برآمد کر لیے گئے۔

ایف آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔