پنڈ دادن خان میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ، دو ڈاکو ہلاک

Published On 27 September,2025 10:15 pm

پنڈ دادن خان:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے پنڈ دادن خان میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے وارداتوں کی روک تھام کیلئے ککڑ پنڈی علاقے میں ناکہ بندی کر رکھی تھی ،ناکہ بندی کے دوران سی سی ڈی ٹیم نے موٹر سائیکل مشکوک جان کر روکنے کا اشارہ کیا، موٹر سائیکل سوار تین ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی۔

پولیس نے بتایا کہ سی سی ڈی ٹیم خوش قسمتی سے محفوظ رہی جب کہ ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے قریبی فصل میں چھپ گئے،  جس پر فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی ٹیم نے پیچھا کیا۔

فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان کی لاشیں ملیں، ہلاک ملزمان کی شناخت سدھیر اور ندیم عباس ساکنان سرگودھا کے ناموں سے ہوئی،دونوں ملزمان کےقبضے سےوارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل ، چھینے گئے موبائل فونز ، شناختی کارڈ و دیگر سامان برآمد ہوا، دونوں ہلاک ملزمان بین الاضلاعی رابری گینگ کےسرکردہ کارندے تھے ، جو ڈکیتی قتل ، راہزنی ، چوری کی وارداتوں میں کئی تھانوں کو مطلوب تھے۔