ننکانہ صاحب میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ڈاکو ہلاک، 7 ملزمان فرار

Published On 31 December,2025 11:08 am

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) ننکانہ صاحب میں سی سی ڈی پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران تین مختلف مقامات پر فائرنگ کے تبادلے میں 5 ڈاکو ہلاک جبکہ 7 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ بڑا گھر کی حدود میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان افضل اور ذاکر مارے گئے، افضل 23 جبکہ ذاکر18 مقدمات میں مطلوب تھا،اسی طرح منڈی فیض آباد کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے دوران ملزم فیضان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔

علاقہ ناظر پکا میں بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو ڈاکو مارے گئے، ہلاک ہونے والوں کی شناخت ذوالفقاراورساجد کے نام سے ہوئی جو بالترتیب 61 اور 52 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

پولیس نے بتایا کہ تمام لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔