کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں رکشے میں سفر کے دوران ایک لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔
واقعہ لانڈھی کے علاقے میں پیش آیا جس پر اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا کہ وہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران جاں بحق ہوئی ۔
لانڈھی پولیس کے ایس ایچ او صلاح الدین قاضی کا میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقتولہ 17 سالہ کومل لائق جو لائنز ایریا کی رہائشی، اپنی والدہ کے ہمراہ لانڈھی میں نانی سے ملنے گئی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ مقتولہ والدہ کے ساتھ رکشے میں گھر واپس آ رہی تھیں کہ اچانک ایک گولی رکشے کا شیشے توڑتی ہوئی اُس کے سینے میں لگی جس سے شدید زخمی ہوئیں اور انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
مقتولہ کے ماموں ریحان نے ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی بھانجی پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران جاں بحق ہوئی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکی کو ہسپتال مردہ حالت میں لایا گیا تھا، اِن کے مطابق اہلِ خانہ نے میڈیکو لیگل کارروائی کی اجازت نہیں دی اور لاش ساتھ لے گئے۔
دوسری جانب واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کورنگی کے ایس ایس پی فدا حسین نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جس کی سربراہی ڈی ایس پی لانڈھی فائزہ سدھر کریں گی جب کہ کمیٹی میں ایس ایچ او لانڈھی اور ایس آئی او عوامی کالونی شامل ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
علاوہ ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ عوامی کالونی پولیس پارٹی نے کورنگی میں ایک بینک کے باہر ڈکیتی کرنے والے ملزمان کا تعاقب کیا، ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں ایک ملزم مولا بخش زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا جب کہ اُس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم سے پستول اور موبائل فون برآمد کرلیا۔



