راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے صدر بیرونی میں پولیس اور انتہائی خطرناک بین الاضلاعی ڈکیت و اجرتی قاتل گینگ کے درمیان فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں گینگ کے 4 ملزم ہلاک جبکہ 2 فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کچھ دیر قبل ملزمان نے ایک شہری سے گن پوائنٹ پر گاڑی چھینی اور فرار ہو گئے تھے، کار سنیچنگ کی اطلاع ملنے پر صدر بیرونی پولیس نے مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں چار ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق کچھ دیر قبل شہری سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی گاڑی و اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، ڈکیت گینگ کے زیر استعمال ایک اور گاڑی بھی اسلام آباد سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو اور اجرتی قاتل راولپنڈی، پشاور اور اسلام آباد میں قتل، ڈکیتی اور کار سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ، ملوث اور مطلوب تھا جبکہ یہ خطرناک گینگ چند روز قبل صدر بیرونی کے علاقے میں فائرنگ کر کے فیملی کے ساتھ جانے والے ایک تاجر کو بھی قتل کر چکا تھا۔



