خیرپور میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار

خیرپور میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار

تھانہ رانیپور کے پولیس اہلکاروں کا سو بہودیرو لنک روڈ پر ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ ہوا، دو ڈاکوؤں کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، بعد ازاں ہسپتال منتقلی کے دروان راستے میں دم توڑ گئے، ہلاک ڈاکوؤں سے کیش رقم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ رانیپور کو اطلاع موصول ہوئی کہ نامعلوم ملزمان ڈاکو شریف شاہانی اور نفیس شاہانی کے ساتھ سوبہودیرو لنک روڈ پر واردات کے ارادے سے کھڑے ہیں، پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

ایس ایس پی خیرپور نے بتایا کہ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت عاقب اشرف اور علی اشرف گادہی سکنہ کامونکی ضلع گوجرانوالہ کے ناموں سے ہوئی ہے، ڈاکو بدنامہ زمانہ ڈاکوؤں شریف شاہانی اور نفیس شاہانی کے ساتھ واردات کے ارادے سے کھڑے تھے جنہوں نے کچھ دن قبل تھانہ رانیپور سے سائينداد کلھوڑو کے گھر سے لاکھوں روپے کیش اور زیورات کی ڈکیتی کی تھی۔

ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکوؤں کا کریمنل ریکارڈ خیرپور سمیت دیگر اضلاع سے بھی معلوم کیا جا رہا ہے، فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔