سری دیوی کی طرح باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہونے والی شخصیات

Last Updated On 28 March,2018 10:57 pm

فرانزک رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے کے باعث ہوئی، کئی ہالی ووڈ شخصیات بھی اسی انداز میں ڈوب کر مریں :رپورٹ

ممبئی (نیٹ نیوز ) بھارت کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی ہفتے کی رات اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑگئیں، ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا قرار دیا گیا لیکن فرانزک رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد انکشاف ہوا کہ ان کی موت باتھ ٹب میں ڈوب کر ہوئی۔ 

سری دیوی واحد اداکارہ نہیں جن کی موت باتھ ٹب میں ڈوب کر ہوئی بلکہ ان کے علاوہ بھی متعدد اداکار ہیں جو باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوئے۔
وٹنی ہوسٹن

امریکا کی پاپ گلوکارہ، پروڈیوسر اور ماڈل وٹنی الزبتھ ہوسٹن کی موت بھی باتھ ٹب میں ڈوبنے کے باعث ہوئی تھی۔ وٹنی ہوسٹن کی لاش 2012 میں کیلیفورنیا کے شہر بیورلے ہلز میں واقع ہوٹل کے باتھ روم سے برآمد ہوئی تھی۔ سرکاری ذارئع کے مطابق وٹنی ہوسٹن کو دل کا دورہ منشیات کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ییش آیا جس کے باعث وہ بے ہوش کرباتھ ٹب میں گرگئیں اور ڈوب کر ہلاک ہوگئیں۔


روبی کرسٹین براؤن

وٹنی الزبتھ ہوسٹن کی بیٹی اور امریکا کی نامور ٹی وی اسٹار روبی کرسٹین براؤن کی موت حیرت انگیز طور پر اپنی ماں کی طرح ہوئی، 31 جنوری 2015 کو روبی کرسٹین براؤن بھی اپنے باتھ ٹب میں اوندھے منہ تیرتے ہوئے پائی گئی تاہم ان کی موت ڈوبنے کے باعث نہیں ہوئی۔ موت سے قبل ہی انہیں باتھ ٹب سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ 6 ماہ کوما میں رہنے کے بعد 26 جولائی 2015 کو چل بسیں۔
جم موریسن

امریکا کے نامور گلوکار، شاعر اور موسیقار جم موریسن صرف 27 سال کی عمر میں منشیات کی زیادتی اور شراب نوشی کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ان کی لاش 3 جولائی 1971 کو باتھ ٹب میں پائی گئی تھی جب کہ ان کے چہرے اور سینے پر خون کے نشانات بھی تھے، سرکاری ذرائع کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں جم موریسن کی موت کی ایک وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی تھی۔


جودی گارلینڈ

امریکا کی معروف گلوکارہ و اداکارہ جودی گارلینڈ 47 برس کی عمر میں باتھ ٹب میں مردہ پائی گئی تھیں۔ اپنی موت سے قبل جودی متعدد بار اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کرچکی تھیں۔ ان کی لاش ان کے پانچویں شوہر نے بر آمد کی تھی۔ ان کی موت کی وجہ دوائیوں کے زیادہ استعمال کو قرار دیا گیا تھا جسے کھا کر وہ بے ہوش ہوکر باتھ ٹب میں گرگئیں جہاں ان کی موت واقع ہوئی۔


کلاؤڈ فرینکوئس

فرانس کے نامور پاپ گلوکار، موسیقار، پروڈیوسراور ڈانسر کلاؤڈ فرینکوئس کو صفائی کا جنون تھا، اپنی موت سے قبل بھی وہ پانی سے بھرے ٹب میں کھڑے ہوکر ٹوٹے ہوئے بلب کو فکس کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ کرنٹ کا زبردست جھٹکا لگنے کے باعث چل بسے۔