شہر قائد میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد

Last Updated On 28 March,2018 10:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی فلم سوسائٹی کی تحت کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول منعقد ہونے جا رہا ہے، جو 29 مارچ سے یکم اپریل تک جاری رہےگا۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سے متعلق پریس کانفرس کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلان کیا گیا کہ چار روزہ پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 29 مارچ سے 1 اپریل تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں دنیا بھر کے 93 ممالک کی 210 فلمیں شامل کی گئی ہیں۔ جن میں ڈاکیومنٹریز، شارٹ فلمز اور فیچر فلمز کی کیٹگریز رکھی گئی ہیں۔

فیسٹیول میں 8 ملکی اور غیر ملکی فلموں کے پریمیئر بھی منعقد کیے جائیں گے۔ فیسٹیول میں شامل فلموں کو شہر کے مقامی سنیما گھروں، کلچرل سنٹرز اور نجی یونیورسٹیز میں دکھایا جائے گا۔ فلم سکریننگز کے علاوہ پینل ڈسکشنز بھی اس فیسٹیول کا اہم حصہ ہوں گی۔ جس میں امریکہ، جرمنی، بھارت، اٹلی اور نیپال سمیت دیگر ممالک سے معروف فلم میکرز، رائٹرز، ڈائریکٹرز اور اداکار حصہ لیں گے۔ پریس کانفرنس میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔