ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی نجی ٹی وی چینل کی معروف نیوز اینکر رادھیکا ریڈی نے پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
انڈین میڈیا کے مطابق معروف نیوز اینکر نے حیدر آباد کےعلاقے کوکت پالے میں پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس کو رادھیکا کے بیگ سے ایک تحریر بھی ملی ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ شدید پریشانی کاشکار تھیں جس کے باعث وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے جارہی ہیں، اس کے پیچھے اور کوئی وجہ نہیں ہے، ’’میرا دماغ میرا دشمن ہے۔‘‘
کوکت پالے پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وی پرسنا کمار کا کہنا ہے کہ رادھیکا گزشتہ روز 10 بج کر 40 منٹ پر اپنے گھر آئیں اور اپنی بلڈنگ کی سب سے اوپری منزل پر چڑھ کر چھلانگ لگا دی۔ رادھیکا کو سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں اور گرنے کے باعث ان کے پاؤں میں فریکچر ہوگیا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ رادھیکا اور ان کے شوہر کے درمیان 6 ماہ قبل علیحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد وہ اپنے 14 سالہ ذہنی معذور بیٹے کے ہمراہ اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی تھیں۔