قوال غلام فرید صابری کی آج 24 ویں برسی ہے

Last Updated On 05 April,2018 10:49 am

1946 میں پہلی بار فن کا مظاہرہ کیا ،عالمگیر شہرت '' میرا کوئی نہیں تیرے سوا '' سے حاصل ہوئی

لاہور (دنیا نیوز ) قوالی کے فن کو جدت دینے والے غلام فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے چوبیس برس بیت گئے، غلام فرید اور ان کے بھائی مقبول کی جوڑی نے انیس سو ستر اور اسی کی دہائی میں قوالی کی دنیا پر راج کیا۔ رعب دار آواز کے مالک قوالی کے فن کو پاکستان میں عروج پر پہنچانے والے غلام فرید صابری پنجاب کے ضلع روہتک میں انیس سو تیس میں پیدا ہوئے۔
موسیقی ان کے خاندان کی روایت تھی، محبوب بخش رانجی علی رنگ ان کے دادا اور نانا باقر حسین خان اپنے وقت کے مشہور موسیقار تھے۔ غلام فرید صابری نے انیس سو چھیالیس میں پہلی بار قوالی گائی۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ساتھ کراچی آن بسے، انہیں شہرت انیس سو پینسٹھ میں فلم   عشق حبیب   کی قوالی   میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا   سے ملی۔
غلام فرید کی اپنے چھوٹے بھائی مقبول کے ساتھ جوڑی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہوئی۔ انہیں انیس سو اٹھہتر میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ غلام فرید پانچ اپریل انیس سو چورانوے کو دل کا دورہ پڑے سے خالق حقیقی سے جا ملے۔