ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی اداکارہ شردھا کپور کی فلمیں اور اداکاری ہی نہیں ان کی نجی زندگی بھی خبروں کی زینت بنتی ہے اور اس حوالے سے افواہوں کا بازار بھی گرم رہتا ہے۔
شردھا کپور کے والد اور ماضی میں کئی فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے و الے اداکار شکتی کپور اپنی صاحبزادی سے متعلق افواہوں پر مبنی خبروں سے پریشان نہیں ہوتے ۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شکتی کپور نے اپنی فلم کے پوسٹر لانچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اپنی بیٹی کی شادی سے متعلق واضح پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر والد کی خواہش ہوتی ہے کہ میری بیٹی کی شادی اچھی شہرت کے حامل خاندان میں ہو، شردھا آج کل کیریئر کو بنانے میں لگی ہوئی ہے اس کے باوجود میں اسے اپنی مرضی کے لڑکے کے ساتھ شادی کی اجازت دیتا ہوں۔ شردھا جب بھی مجھے اور میری بیوی کو اپنی پسندکے لڑکے سے متعلق آگاہی دے گی ہم اسے مکمل سپورٹ کریں گے ۔