ماسکو: (دنیا نیوز) سٹریٹ چلڈرن ورلڈکپ فائنل میں ازبکستان نے پاکستان کو ہرا دیا، ٹائٹل مقابلے کا سنسنی خیز فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔
روس کے شہر ماسکو میں سٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈکپ کا فیصلہ کن معرکہ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹائٹل کی جنگ ہوئی۔ میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا، دوسرے ہاف میں تابڑ توڑ حملوں کے باوجود کوئی گول سکور نہ ہو سکا اور مقررہ وقت تک ایک ایک کی برابری سے ختم ہونے والا میچ سنسنی خیز ہو گیا۔
پنلٹی ککس پر ازبکستان نے پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی سمیٹ لی۔ ورلڈ چیمپئن بننے پر ازبک کھلاڑیوں نے خوب جشن منایا، جب کہ شاہینوں کے کیمپ میں اداسی چھائی رہی۔
واضح رہے کہ سٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ روایتی طور پر فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ملک میں عالمی کپ سے ایک ماہ قبل کھیلا جاتا ہے، سٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ کی شروعات 2010 میں جنوبی افریقا میں ہوئی، پہلا ٹائٹل بھارت نے حاصل کیا، 2014 میں برازیل میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔