پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے قائمہ کمیٹی قانون وانصاف سے استعفی دے دیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے مصروفیات کے باعث قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے آج ہونیوالے اجلاس میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں پیش ہونے سے معذرت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی بنیاد پر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جاری ہے، جس میں اہم مقدمات کا فیصلہ ہونا ہے، ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ پہلے سے طے تھی۔ اس لئے آج کمیٹی کے اجلاس میں نہیں آ سکتا۔
کمیٹی نے نیب کی جانب سے نوازشریف پر منی لانڈرنگ کے الزامات کا جائزہ لینا تھا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے قائمہ کمیٹی قانون وانصاف سے استعفی دے دیا اور موقف اپنایا ہے کہ چیئرمین نیب کو بلا کر ان پر منی لانڈرنگ کے معاملے کی تحقیقات پر پردباؤ ڈالنا ہے، جو نہ صرف پارلیمانی اقدار کے منافی بلکہ نیب کی آزادانہ تحقیقات کو بھی متاثر کرسکتا ہے، ہماری غیرموجودگی کا علم ہوتے ہوئے جان بوجھ کر عجلت میں اجلاس بلایا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی کمیٹی رکنیت سے استعفیٰ منظور کریں۔