نواز شریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ کا الزام، چیئرمین نیب طلب

Last Updated On 15 May,2018 11:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ کے الزام پر چیئرمین نیب کو طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ کرنے کے الزامات پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کے متنازع بیان پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس  ہوگا جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی چودھری اشرف کریں گے۔

قائمہ کمیٹی رانا حیات کے پیش کردہ پوائنٹ آف آرڈر کا جائزہ لے گی۔ رانا حیات نے نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے نیب الزامات پر پوائنٹ آف آرڈر جمع کرایا تھا۔

کمیٹی لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز ترمیمی بل 2018ء کا بھی جائزہ لے گی جبکہ آئین میں 30ویں ترمیم سے متعلق بل بھی زیرِ بحث آئے گا۔