قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کو 22 مئی کو دوبارہ طلب کر لیا

Last Updated On 16 May,2018 07:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو دوبارہ طلب کر لیا۔ چیئرمین کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا چیئرمین نیب 22 مئی دن 2 بجے پیش ہوں گے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے مصروفیات کے باعث قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے آج کے اجلاس میں پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں پیش ہونے سے معذرت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی بنیاد پر کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:چیئرمین نیب کی مصروفیات کےباعث قائمہ کمیٹی میں پیش ہونےسے معذرت

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جاری ہے، جس میں اہم مقدمات کا فیصلہ ہونا ہے، ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ پہلے سے طے تھی۔ اس لئے آج کمیٹی کے اجلاس میں نہیں آ سکتا۔ کمیٹی نے نیب کی جانب سے نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزامات کا جائزہ لینا تھا۔

یاد رہے پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے قائمہ کمیٹی قانون وانصاف سے استعفی دیا اور موقف اپنایا چیئرمین نیب کو بلا کر ان پر منی لانڈرنگ کے معاملے کی تحقیقات پر دباؤ ڈالنا ہے، جو نہ صرف پارلیمانی اقدار کے منافی بلکہ نیب کی آزادانہ تحقیقات کو بھی متاثر کرسکتا ہے، ہماری غیر موجودگی کا علم ہوتے ہوئے جان بوجھ کر عجلت میں اجلاس بلایا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی کمیٹی رکنیت سے استعفیٰ منظور کریں۔