پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

Last Updated On 16 May,2018 05:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹیل ملز کےملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج، جناح گیٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھرنے سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہو گئی۔

سٹیل ملز کے لگ بھگ 12 ہزار ملازمین کو چار ماہ گزر جانے کے باوجود اب تک تنخواہیں جاری نہیں کی جاسکیں، جبکہ مئی کا آدھا مہینہ بھی گزر چکا ہے۔ رقم کی قلت کے شکار سٹیل ملز ملازمین منتظر ہیں کہ کب حکومت ادارے کے ملازمین کو جنوری سے اپریل تک کی تنخواہیں جاری کرے گی۔ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین کو کھانے پینے کی اشیاء کی قلت کا سامنا ہے، جبکہ علاج معالجے اور بچوں کی سکول فیس کی ادائیگی کے لیے بھی ملازمین کے پاس پیسے نہیں ہیں۔

موجودہ صورتحال میں ملازمین نے جناح گیٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا، جس سے ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی، ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان بھی شروع ہوچکا ہے، حکومت جلد از جلد تنخواہوں کا کوئی انتظام کرے۔

واضع رہے کہ فولاد بنانے والے واحد سرکاری ادارے کی بھٹیاں ایک سال سے بند ہیں اور ملازمین کو تنخواہوں کی حصولی کے لیے کئی ماہ تک حکومتی امداد کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس وقت سٹیل ملز کا مالی خسارہ 450 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔