کراچی: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اجلاس جاری ہے، شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے میڈیا کو بریکنگ کی بیماری ہے، میڈیا کوئی عبوری خبر جاری نہ کرے کیونکہ یہ دینی مسئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرا سیشن مغرب کی نماز کے بعد ہو گا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے جمعرات کو پہلا روزہ ہونے کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ کے مطابق آج چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہوگی، چاند غروب آفتاب کے بعد 59 منٹ تک آسمان پر موجود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان کے پہلے ہفتے میں گرمی بڑھنے کی خبر بھی سنادی دی، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات سے بدھ تک درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافہ ہوگا، مئی اور جون میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب سعودی اعلیٰ عدالتی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، لہذا رمضان کا پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات، عمان، عراق اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی کل پہلا روزہ ہوگا، مشرق بعید کے ممالک ملائیشیا، انڈونیشیا، جاپان، سنگاپور سمیت آسٹریلیا میں بھی کل رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا۔