لاہور: (ویب ڈیسک) یہ بھکاری تین ماہ کے سیاحتی ویزے پر قانونی طور پر آتے ہیں اور کروڑوں روپے جمع کر لیتے ہیں۔ حیران کن طور پر دبئی میں موجود بھکاریوں کی ماہانہ آمدنی 70 لاکھ روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ دبئی میں لوگوں کے پاس بے پناہ دولت ہے، دولت کی ریل پیل ہے لیکن یہ نہیں جانتے کہ دبئی کے پیشہ ور بھکاری ایک ماہ میں اتنی بڑی مالیت کی بھیک جمع کر لیں گے۔ عرب میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایشیا کے غریب ممالک سے بھکاری 3 ماہ کے ویزے پر یہاں آتے ہیں اور اسی تین ماہ میں کروڑوں روپے جمع کر لیتے ہیں۔
یہ اعداد و شمار حیران کن ہیں، کہ پیشہ ور بھکاری ایک ماہ میں 270,000 درہم یعنی 73 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر رقم اکٹھی کر لیتا ہے۔
دبئی کے بھکاری بہت ہوشیاری سے اپنا کام کرتے ہیں انہیں ایسے لوگوں کی تلاش ہوتی ہے جو ظاہری طور پر بہت امیر دکھائی دیتے ہیں۔ وہ اپنے اہلِ خانہ کو فٹ پاتھ کے کنارے بٹھاتے ہیں تاکہ ہمدردی حاصل کی جاسکے یا پھر خود کو مشرقِ وسطیٰ کے جنگ سے متاثرہ کسی ملک کا قرار دیتے ہوئے فوری مدد کی درخواست کرتے ہیں۔
کبھی کبھی یہ 1000 درہم تک مانگ لیتے ہیں اور ان کی دکھ بھری داستان سن کر لوگ ترس کھاتے ہوئے انہیں اتنی بڑی رقم بھی عطا کردیتے ہیں۔
جمعے کے روز یہ مساجد کے باہر کھڑے ہوجاتے ہیں اور اس روز سب سے زیادہ کماتے ہیں جبکہ بیشہ ور بھکاری ایک ہی دن میں 9 ہزار درہم تک حاصل کرلیتے ہیں۔