لاہور: (ویب ڈیسک ) بھارتی میڈیا کے مطابق سابق پولیس افسر وید بھوشن نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکارہ کی موت حادثاتی نہیں تھی بلکہ انہیں باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے قتل کیا گیا تھا۔ باتھ ٹب میں کسی کو بھی دبوچ کر قتل کردینا نہایت آسان ہے۔ ممکن ہے کہ سری دیوی کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا گیا ہو۔
سری دیوی کی موت کے بعد بھوشن دبئی کے اس ہوٹل میں تحقیقات کے لیے بھی گئے تھے جہاں سری دیوی کی موت ہوئی تھی تاہم ہوٹل انتظامیہ نے انہیں حادثے والے کمرے تک رسائی نہیں دی تھی۔ جس کے بعد وہ بھارت واپس آگئے تھے۔
یاد رہے کہ بعض بھارتی نیوز چینلز نے یہ خبر دی تھی کہ اداکارہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد ٹب میں جاگریں تاہم تحقیقات کے دوران اداکارہ کی موت کے پیچھے کوئی مجرمانہ محرک سامنے نہیں آیا جبکہ گلف نیوز کے مطابق اداکارہ کی موت حادثاتی طورپر باتھ ٹب میں گرنے کی وجہ سے ہوئی۔
پوسٹمارٹم رپورٹ کے حوالے سے خلیج ٹائمز نے یہ بھی بتایاکہ خون کے نمونوں میں الکوحل کی موجودگی کے بھی شواہد ملے تاہم اب سابق اسسٹنٹ کمشنر دہلی وید بھوشن نے دعوی کیا ہے کہ معروف اداکارہ سری دیوی کو باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے قتل کیا گیا ہے۔
بالی وڈ نگری پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی اپنی فیملی کے ہمراہ دبئی میں موجود تھیں جہاں وہ بھتیجے کی شادی کے سلسلے میں ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھیں۔ رپورٹس کے مطابق سری دیوی 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب ہوٹل کے باتھ روم میں بیہوش ہوگئی تھیں جنہیں بعدازاں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں جب کہ ابتدائی طور پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتائی۔
سری دیوی کے شوہر بونی کپور کا کہنا تھا کہ موت سے قبل سری دیوی نے 15 منٹ تک باتیں کیں اور کھانے سے قبل تیار ہونے کے لئے واش روم گئیں، پندرہ منٹ بعد دروازہ کھٹکھٹانے پر سری دیوی نے کوئی جواب نہیں دیا جب دروازہ توڑا تو وہ باتھ ٹب میں بے ہوش تھیں۔