بھارتی فلموں کی عید کے دوران نمائش پر پابندی عائد

Last Updated On 25 May,2018 02:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے بھارتی فلموں کی نمائش پر عارضی پابندی عائد کر دی۔ عید کی چھٹیوں کے دوران سینماؤں میں بھارتی فلمیں نہیں دکھائی جا سکیں گی۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے نوٹیفیکشن کے مطابق بھارتی سمیت تمام غیر ملکی فلمیں عید سے 2 روز قبل اور 2 ہفتے بعد تک دکھانا ممنوع ہو گا۔

سرکاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پابندی پاکستانی پروڈکشن ہاؤسز اور ڈسٹری بیوٹرز کی درخواست پر لگائی گئی ہے جس کے تحت ملک بھر میں عید کی چھٹیوں کے دوران کسی سینما گھر میں بھارتی اور دیگر غیر ملکی فلموں کو نمائش کیلئے پیش نہیں کیا جا سکے گا۔

پاکستان سینما مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیدار کے مطابق موصولہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقامی فلموں کی پذیرائی کیلئے غیر ملکی فلموں پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ پابندی عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران بھی عائد رہے گی جو اگست یا ستمبر میں متوقع ہیں۔ پاکستانی اداکار اور پروڈیوسرز کی جانب سے 2 سال سے شکایت کی جا رہی تھی کہ بھارتی اور دیگر غیر ملکی فلموں کی بہتات کے سبب پاکستانی فلموں کو مناسب بزنس نہیں مل پاتا۔ اس عید الفطر پر کئی ایک پاکستانی فلمیں ریلیز کی جا رہی ہیں۔