ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سلطان سلمان خان کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں اور منصوبہ بندی پر اُن کے والد مشہور سکرپٹ رائٹر سلیم خان تشویش کا شکار ہو گئے۔
ہریانہ پولیس نے چند روز قبل انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے قتل کی سازش کرنے والے ملزم سمپت نہرا کو گرفتار کیا ہے جس کا تعلق راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر اور جرائم پیشہ شخص لارینس بشنوئی کے گینگ سے ہے جب کہ ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت ریکی کرکے اداکار کے گھر کی کچھ تصاویر اور اُن کے گھر آنے اور جانے والے تمام راستوں کی فوٹیج بھی اپنے موبائل سے بنائی تھیں تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اُن کے والد سلیم خان کا کہنا تھا کہ ملزم سمپت نہرا کی گرفتاری کے بعد سلمان کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ کسی بھی نہ خوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پہلے ہی اعلیٰ ٹیم پر مشتمل سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
سلیم خان نے مزید کہا کہ خطرہ پوری فیملی کے لئے نہیں بلکہ سلمان کے لئے ہے جس کی ہمیں بہت فکر ہے اور اس تشویش کے باعث ہماری تمام تر توجہ سلمان خان پر ہے لیکن ہمیں پولیس پر پورا اعتماد ہے جو اس ضمن میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کررہے ہیں۔