ممبئی: (دنیا نیوز) کینسر کا شکار ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ سنالی باندرے نے اپنے بال کٹوا کر نیا روپ دھار لیا۔ فوٹیج سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی، مشکل وقت میں ساتھ دینے پرستاروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کینسر کے مرض میں مبتلا بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے نے بال کٹوا کر کینسر سے لڑنے کی تیاری کر لی۔ سیلون سے بال کٹواتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی۔ جس میں وہ روہانسی سی صورت میں نظر آتی ہیں۔ اپنے پرستاروں کے نام پیغام میں سنالی باندرے کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں چاہنے والوں کی محبت نے سہارا دیا اور سوچ کو مثبت رکھنے کا حوصلہ بخشا۔
#SwitchOnTheSunshine (2/2) pic.twitter.com/Lw6wum2xaf
— Sonali Bendre Behl (@iamsonalibendre) July 10, 2018
خیال رہے کہ کینسر کے علاج کے دوران لوگوں کو اپنے بال منڈوانے پڑتے ہیں، جب کہ بعض اوقات اس مرض کی وجہ سے انسان کے جسم کے بال خود ہی جھڑ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے ابھی تک یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کا کینسر جسم کے کس حصے سے شروع ہو کر کہاں تک پہنچ چکا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائی گریڈ کینسر کا مطلب یہ ہے کہ اداکارہ کا کینسر ایک سے دوسری جگہ پھیل چکا ہے۔
اداکارہ امریکی شہر نیویارک کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں، انہیں کینسر کا پتہ اس وقت چلا، جب انہوں نے جسم میں درد کی شکایت کے بعد اپنے ٹیسٹ کروائے۔ تاہم بھارتی میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اداکارہ کو جسم میں درد کی شکایت کافی عرصے سے تھی۔
43 سالہ سونالی باندرے نے کیریئر کا آغاز 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم "آگ" سے کیا، انہوں نے 50 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔