ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ ہیرو سلمان خان یوں تو فلم انڈسٹری میں نئی ہیروئنز اور ہیروز کو متعارف کرانے کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، لیکن بولڈ اداکارہ ماہی گل کہتی ہیں کہ سلمان خان کی فلم "دبنگ" میں کام کرنے کے بعد ان کا کیریئر تقریبا ختم ہوگیا تھا۔
سلمان خان کے ساتھ فلم کا آغاز کرنے والی ہیروئنز کو بھارتی فلم انڈسٹری میں آگے بڑھنے میں کافی آسانی ہوتی ہے، لیکن بولڈ ایکشن تھرلر فلم "صاحب، بیوی اور گینگسٹر 3" میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ ماہی گل کہتی ہیں کہ سلمان خان کیساتھ کام کرکے فلمی کیریئر کو نقصان پہنچا۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران 42 سالہ ماہی گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کی فلم "دبنگ" میں مختصر کردار ادا کیا جس کے بعد ان کا کیریئر ختم ہوگیا اور انہیں فلموں میں مختصر کرداروں کی پیش کش ہونے لگی۔
ماہی گل کے مطابق دبنگ کے بعد انہیں پہلی بار "صاحب بیوی اور گینگسٹر" میں مرکزی کردار کی پیش کش ہوئی، جس کی اب تیسری فلم ریلیز ہونے والی ہے اور وہ اس سیریز کی تیسری فلم میں بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اس فلم سیریز کی پہلی فلم "صاحب بیوی اور گینگسٹر" 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔ پہلی دونوں فلموں کی کامیابی کے بعد اب اس سیریز کی تیسری فلم رواں برس 27 جولائی کو ریلیز کی جائے گی، جس میں پہلی بار سنجے دت گینگسٹر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔