ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار دلیپ طاہل کو پولیس نے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے دوران رکشا کو ٹکر مار کر مسافروں کو زخمی کرنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار دلیپ طاہل نے اتوار کی شب نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے رکشا کو پیچھے سے ٹکر ماردی، نتیجے میں رکشا ڈرائیور سمیت دو مسافر زخمی ہوگئے جس پر پولیس نے اداکار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے دوست کے ہمراہ گھر جارہی تھیں کہ اُن کے رکشا کو پیچھے کی جانب سے اچانک ٹکر لگی جس کے نتیجے میں خاتون کی گردن اور کمر پر چوٹیں آئیں اور ساتھی شخص بھی معمولی زخمی ہوا۔ انہوں نے جب رکشا سے باہر نکل کر گاڑی کی طرف بڑھنا چاہا تو گاڑی نے آگے نکلنے کی کوشش کی تاہم ہندو مذہبی جلوس کی وجہ سے گاڑی آگے جا نہ سکی۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ وہ زخمی حالت میں گاڑی تک پہنچے اور ڈرائیور سے بات کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ وہ اداکار دلیپ طاہل ہیں اور نشے میں ہیں، نشے میں دھت اداکار نے ہم سے بد کلامی کی اور ہمیں دھکے دیے لیکن ہم نے بروقت پولیس کو فون کرکے تمام معاملات سے مطلع کیا۔ پولیس نے بتایا کہ حراست میں لینے کے بعد اداکار کا طبی معائنہ کرایا گیا جس کے بعد ان کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت شراب نوشی میں گاڑی چلانے، اشتعال انگیزی اور دوسروں کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔