لاہور: (ویب ڈیسک) رواں سال جولائی کے آغاز میں یہ چینی اداکارہ فان بنگ بنگ اچانک اس وقت غائب ہوگئی تھیں جب اس پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا۔
ہولی وڈ فلم سیریز ایکس مین فیوچر پاسٹ میں کام کرکے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والی چینی اداکارہ فان بنگ بنگ 3 ماہ کی پراسرار گمشدگی کے بعد منظرعام پر آگئیں۔
چینی میڈیا کی بدھ کو سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق فان بنگ بنگ نے ایک فلم میں کام کرنے پر 3 کروڑ چینی یوآن (53 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کمائے مگر اس آمدنی کو 2 معاہدوں میں تقسیم کرکے پیش کیا، یعنی عوام کے سامنے ایک کروڑ یوآن لینے کا معاہدہ پیش کیا جبکہ 2 کروڑ یوآن خفیہ معاہدے کے تحت لیے، تاکہ ٹیکسوں سے بچ سکیں۔
اب 3 ماہ بعد اداکارہ نے پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے چینی حکومت سے معذرت کرتے ہوئے اپنے اوپر عائد 15 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس اور جرمانے ادا کیے ہیں۔ چینی سوشل میڈیا نیٹ ورک ویبو میں شائع اپنے بیان میں اداکارہ نے غلط کام کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا میں ٹیکس چوری پر بہت شرمندہ ہوں اور سزا دیئے جانے پر چینی حکام کو سراہتی ہوں ۔
چینی میڈیا کے مطابق مختلف خفیہ معاہدوں کے ذریعے اداکارہ اور کمپنیوں نے 24 کروڑ 80 لاکھ یوآن ٹیکسوں کی مد میں بچائے، تاہم ان کمپنیوں کے حوالے سے تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔
اداکارہ اور ان کی کمپنیوں پر مجموعی طور پر 88 کروڑ سے زائد یوآن کا جرمانہ عادءکیا گیا ہے، جن میں سے اداکارہ کو ذاتی طور پر 47 کروڑ 90 لاکھ یوآن ادا کرنے ہیں، مگر یہ واضح نہیں کہ باقی رقم کس کو ادا کرنی ہے۔ حکام نے اداکارہ کو ایک مخصوص مدت کے اندر جرمانہ اور ٹیکسوں کی ادائیگی کا حکم دیا ہے، اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی تو ٹٰکس حکام یہ معاملہ سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیں گے۔ چینی میڈیا میں اس رپورٹ کے سامنے آتے ہی اداکارہ نے بھی کئی ماہ بعد پہلی سوشل میڈیا پوسٹ کرتے ہوئے مالیاتی الزامات کی تصدیق کرتے ہوئے چینی معاشرے، عوام اور ٹیکس حکام سے معذرت کی۔
ان کا کہنا تھا کچھ عرصے تک میں ملک، معاشرے اور انفرادی سطح پر تعلق کے فوائد کو سمجھ نہیں سکی، اور میں نے خفیہ معاہدوں سے فائدہ اٹھا کر ٹیکس مسائل سے بچنے کی کوشش کی، جس پر میں بہت شرمند ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مکمل طور پر ٹیکس حکام کی سزا کو قبول کرتی ہیں پارٹی اور ملک کی اچھی پالیسیوں کے بغیر، عوام کی محبت کے بغیر، آج فان بنگ بنگ اتنی مقبول نہ ہوتی ۔ 37 سالہ فان بنگ بنگ چین کی مقبول ترین اداکاراﺅں میں سے ایک ہے، جنھیں چین کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کی فلموں میں بھی کام کیا ہے جن میں ایکس مین ڈیزآف فیوچر پاسٹ قابل ذکر ہے۔