زیادہ تر موٹی، بدصورت خواتین جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگا رہی ہیں، ابھیجیت

Last Updated On 10 October,2018 06:45 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بولی وڈ اداکار آلوک ناتھ اور ہدایت کار وکاس بہل کے بعد اب بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا پر بھی ایک خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔

جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیے جانے پر معروف بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا نے کہا ہے کہ زیادہ تر جو خواتین اس قسم کی کہانیوں کے ساتھ سامنے آرہی ہیں وہ بدصورت ہیں اور انہیں صرف مقبولیت چاہیے۔

یاد رہے کہ ایک سابق فلائی میزبان نے اپنی فیس بک پوسٹ میں گلوکار ابھیجیت پر الزام لگایا کہ انہوں نے 1998 میں کولکتہ کے ایک ڈسکو میں ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی کوشش کی، جبکہ انہیں جنسی طور پر ہراساں بھی کیا۔اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ابھیجیت نے ان کا ہاتھ زبردستی پکڑ کر انہیں اپنی جانب کھینچا، تاہم انہوں نے اس موقع پر ڈانس کرنے سے انکار کیا تھا۔

پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرا منع کرنا ابھیجیت کو اتنا برا لگا اور انہیں اتنا غصہ آیا کہ انہوں نے مجھے گالی دی اور کہا کہ تم اپنے آپ کو کیا سمجھتی ہو، میں تمہیں سبق سکھاتا ہوں، جس کے بعد انہوں نے زبردستی بوسہ لینے کی کوشش کی‘۔ تاہم گلوکار نے اس پوسٹ کو بےبنیاد ٹھراتے ہوئے خود پر لگے الزامات کو مسترد کردیا۔ ڈی این اے انڈیا سے بات کرتے ہوئے ابھیجیت کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی پوری زندگی میں کبھی کسی ڈسکو نہیں گیا، اس سے واضع ہوتا ہے کہ یہ جھوٹ بول رہی ہے‘

ابھیجیت بھٹاچاریا کا کہنا تھا کہ آپ کو میں کبھی کسی فلمی پارٹی میں نظر نہیں آؤں گا، میرا نام بکتا ہے، اگر کسی کو اس سے فائدہ ہورہا ہے اور میرے نام کی وجہ سے کوئی کچھ کما رہا ہے ہے تو ٹھیک ہے‘۔

گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ ’کوئی موٹا ہے کوئی پتلا ہے، کسی کو توجہ دینے کی ضرورت نہیں، صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے ہی یہ خواتین سامنے آرہی ہیں، ان میں زیادہ تر موٹی اور بدصورت ہیں جو الزام لگا رہی ہیں، میں اس وقت پیدا بھی نہیں ہوا تھا، میں نہیں جانتا مجھے کس کے خلاف ایکشن لینا چاہیے، میں توجہ ہی کیوں دوں، آپ ایسی خواتین کو توجہ دے رہے ہیں میں نہیں‘۔خیال رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا جب ابھیجیت بھٹاچاریا پر کسی خاتون نے انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہو، اس سے قبل کئی مرتبہ خواتین ان کے خلاف شکایات درج کروا چکی ہیں۔

2015 میں 34 سالہ خاتون کو جنسی ہراساں کرنے پر بھارتی پولیس نے گلوکار کے خلاف ایکشن بھی لیا تھا۔