واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے منصب کے لیے ان کی بیٹی ایوانکا کا انتخاب "شان دار" امر ہو گا تاہم ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ اقربا پروری کے الزامات اُن کی بیٹی کے چُناؤ کی راہ میں رکاوٹ بن جائیں گے.
انہوں نے یہ بات منگل کے روز وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ادھر ایوانکا ٹرمپ نے بھی اس امکان کی نفی کرتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ "میں جانتی ہوں کہ صدر امریکی مندوب نکی ہیلی کی جگہ کسی شان دار شخصیت کا انتخاب کریں گے. یہ شخصیت میں نہیں ہوں گی"۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ "ہمارے سامنے بہت سے نام ہیں"۔ممکنہ امیدواروں میں ٹرمپ نے امریکی قومی سلامتی کونسل کی سابقہ ذمّے دار دینا پاؤل کا بھی نام لیا۔
نکی ہیلی منگل کے روز اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے منصب سے مستعفی ہو گئیں۔ انہوں نے اپنی سبک دوشی کی وجوہات نہیں بتائیں۔ امریکی میڈیا نے ٹرمپ انتظامیہ کے عہدے داران کے حوالے سے بتایا کہ 46 سالہ ہیلی کے مستعفی ہونے کے فیصلے نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو بھی حیران کر دیا۔