یمن (نیٹ نیوز )یمن کی سرکاری فوج اور اس کی معاون مزاحمتی ملیشیا نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے دارالحکومت صنعاء کے نواحی علاقے نھم میں کئی اہم مقامات سے ایران نواز حوثی ملیشیا کو نکال باہر کیا ہے۔
ایک رپورٹ کےمطابق یمن کی سرکاری فوج نے گذشتہ روز گھمسان کی لڑائی کے بعد نھم ڈائریکٹوریٹ کے متعدد پہاڑی علاقوں سے باغیوں کو نکال باہر کیا۔ لڑائی میں باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
یمنی فوج کے ایک ذریعے کے مطابق مسلح افواج نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے تزویراتی اہمیت کے حامل پہاڑے سلسلے المنصاع کی آخری چوٹی بھی باغیوں سے آزاد کرانے کے بعد اس پر قومی پرچم لہرا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ باغیوں کے خلاف المنصاع پہاڑی سلسلے پر مسلسل دو روز تک حملے جاری رہے اور ان حملوں میں دشمن کو بھاری جانی نقصان سے دوچار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائیوں میں درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری فوج نے المجاوحہ کے مقام پر حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد حوثی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔