ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی گلوکار سونونگم کو ایک اور خفت کا سامنا، بھری تقریب میں گلوکار انو ملک پر لگائے جانے والے الزامات کے ثبوت مانگے جس پر گلوکارہ سونا مہاپترا نے انھیں کھری کھری سنا دیں۔
بالی وڈ گلوکار سونو نگم گزشتہ 2 دن سے پاکستان میں پیدا ہونے کی خواہش کا اظہار کرنے پر خبروں میں ہیں، اب انہوں نے ایک اور متنازع بیان داغا ہے جس کے بعد ان کے خلاف ہنگامہ شروع ہوگیا۔ سونو نگم نے بھارت میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ انو ملک سے متعلق اگر کوئی بھی شخص یہ کہے کہ انہوں نے ملاقات کے دوران بدتمیزی اور نامناسب گفتگو کی تو اس کا یقین کیا جانا چاہیے، تاہم اگر وہ ان الزامات کو مسترد کریں تو ان کی بھی بات سنی جانی چاہیے۔ سونو نگم کے مطابق ان کے ساتھی گلوکار پر ثبوتوں کے بغیر الزامات لگائے گئے، جن سے وہ مشکلات میں پھنس گئے اور ان کا خاندان مسائل کا شکار ہے۔
سونو نگم کی جانب سے انو ملک کی حمایت کیے جانے پر گلوکارہ سونا مہاپترا نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کا نشانہ بنایا۔ سونا مہاپترا نے کہا کہ انو ملک کے خلاف کسی ایک نے نہیں بلکہ متعدد خواتین نے الزامات لگائے، کیاں یہ سب کچھ ابھی بھی کم ہے؟
سونا مہاپترا کا کہنا تھا کہ آج سونو نگم کو اس بات کی تکلیف ہو رہی ہے کہ انوملک لاکھوں روپے بٹورنے سے محروم ہوگئے اور ان کے اہل خانہ اس وقت مصیبت سے گزر رہے ہیں۔ کیا انھوں نے متعدد کم عمر لڑکیوں اور انکے خاندانوں کو مصیبت میں نہیں جھونکا۔