ممبئی: (دنیا نیوز) پاکستان کو سیکولر بننے کا مشورہ دینے والے بھارت میں اقلیتوں کے لیے گھٹن کا ماحول ہے، مشہور اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کے لیےفکر مند ہیں، کیونکہ یہاں گائے کو پولیس والے سے بھی زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
بھارت کتنا سیکولرہے نصیر الدین شاہ نے بیچ چوراہے بھانڈا پھوڑ دیا، بالی ووڈ لیجنڈ کہتے ہیں کہ موجودہ بھارت میں وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے فکر مند ہیں، معلوم نہیں کب کون میرے بچوں کو پکڑ کر پوچھ لے تمھارا مذہب کیا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں شدت پسندی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے، وہاں گائے کی موت کو ایک پولیس افیسر کی موت سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ان حالات سے ڈرتے نہیں ہیں ان کو گھر سے کوئی نہیں نکال سکتا، میرا اس ملک کو چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ تاہم صورتحال جلد سدھرتی نظر نہیں آ رہی۔ یاد رہے کہ اسی مہینے 3 دسمبر کو بلند شہر تشدد میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو ہجوم نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ یہ پورا تنازعہ گئوکشی سے جڑا ہے
حال ہی میں نصیرالدین شاہ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی سوشل میڈیا کے ذریعہ تنقید کی تھی۔ انہوں نے فیس بک پر لکھا، "ویراٹ کوہلی نہ صرف دنیا کے بہترین بلے باز ہیں بلکہ سب سے بدتمیز کھلاڑی بھی ہیں۔ کرکٹ میں ان کی صلاحیت ان کے گھمنڈ اور برے رویہ کے آگے پھیکی پڑ جاتی ہے۔