نئی دہلی : (ویب ڈیسک) رواں سال بھارت میں الیکشن جیتنے والی بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ نصرت جہاں روحی پیا گھر سدھار گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نصرت جہاں روحی نے لوک سبھا کا الیکشن جیتنے کے بعد ابھی تک حلف نہیں اٹھایا اور شادی کو اہمیت دیتے ہوئے اپنے منگیتر کولکتا کے کاروباری شخص نکھل جین سے ترکی میں شادی کرلی۔ شادی ہندوستانی رسومات کے تحت ہوئی۔ جس میں قریبی دوستوں سمیت اہل خانہ نے شرکت کی۔ ان کی شادی میں نو منتخب ہونے والی رکن لوک سبھا ممی چکربورتی نے بھی شرکت کی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ نے شادی کے بعد شوہر کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ دوسری طرف خیال کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ جلد لوک سبھا کا حلف لینے کے لیے بھارت جائینگی۔
Towards a happily ever after with Nikhil Jain pic.twitter.com/yqo8xHqohj
— Nusrat (@nusratchirps) June 19, 2019
یاد رہے کہ نصرت جہاں روحی بنگالی، تامل اور تیلگو سمیت بھارت کی دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں سمیت ہندی زبان میں بننے والے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ اس کے ساتھ نصرت جہاں روحی لوک سبھا رکن منتخب ہونے والی 2 مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں، ان کے علاوہ ان کی ہی ریاست مغربی بنگال سے ساجدہ احمد بھی رکن لوک سبھا منتخب ہوئی ہیں۔