اداکار محسن عباس کی اہلیہ کے شوہر پر بے وفائی اور تشدد کے الزامات

Last Updated On 22 July,2019 11:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) اداکار محسن عباس کی اہلیہ نے الزام لگایا ہے کہ اس کے شوہر نے ان پر کئی بار تشدد کیا، فاطمہ سہیل نے زخموں والی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

اداکار اور میزبان محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے فیس بُک پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ محسن عباس کے ایک ماڈل گرل کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ پچھلے سال 26 نومبر کو اپنے شوہر کو رنگے ہاتھوں پکڑا تو شرمندہ ہونے کے بجائے انہوں نے مجھے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، لاتیں ماریں اور چہرے پر مُکے بھی مارے، اس وقت وہ حاملہ تھیں۔

فاطمہ سہیل نے الزام عائد کیا کہ بچے کی پیدائش کے وقت بھی شوہر ان کے ساتھ نہیں تھا۔ محسن نے دو دن بعد ہسپتال آ کر صرف شہرت کے لیے کچھ تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔

فاطمہ نے پوسٹ پر مزید کہا کہ 17 جولائی کو محسن عباس کے گھر جا کر بچے کی ذمہ داری اٹھانے کا کہا تو انہوں نے پھر مار پیٹ کی۔ 20 جولائی کو تھانے میں رپورٹ درج کرائی لیکن پولیس نے ایف آئی آر میں معاملے کو گھریلو تشدد یا بدسلوکی کے بجائے محض میاں بیوی کا جھگڑا لکھا۔ ان کا کہنا ہے، اب محسن سے عدالت میں ہی ملاقات ہوگی۔

دوسری جانب محسن عباس نے اہلیہ پر تشدد کے واقعہ کی تردید کرتے ہوئےکہا ہے کہ یہ سب کچھ میرا کیرئیر ختم کرنے کے لئے کیا گیا، الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں محسن عباس کا کہنا تھا کہ قرآن پاک ساتھ لایا ہوں، پاک کلام پر حلفاً کہتا ہوں کہ اپنی اہلیہ پر کبھی تشدد نہیں کیا۔ 4 سال قبل فاطمہ سے شادی ہوئی لیکن چند روز بعد ہی تصاویر اور میسجز کی صورت میں اہلیہ کے راز افشا ہوئے۔

محسن عباس نے الزام عائد کیا کہ ان کے سسرال والوں نے ان کی بیٹی کی پیدائش سے قبل ہی بتایا کہ بیٹی میری نہیں ہے۔ اہلیہ کی جانب سے مکان اس کے نام کروانے پر دباؤ ڈالا جاتا رہا، انکار کی صورت میں مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے سسرال والوں سے کبھی پیسوں کی ڈیمانڈ نہیں کی، میں اور میرے گھر والے میری دوسری شادی کے خواہشمند ہیں، اہلیہ فاطمہ کو علم ہوا تو اس نے میرے خلاف پروپیگنڈا کر کے میرا کیرئیر ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔