لاس اینجلس: (روزنامہ دنیا) امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے مداح لڑکی کی کالج کی فیس اور دیگر اخراجات کے لئے 4 ہزار ڈالر سے زائد کی مدد کر کے لوگوں کے دل جیت لئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے صوبے انٹاریو کی یونیورسٹی آف واٹرلو کی ایک طالبہ عائشہ خرم نے سوشل میڈیا پر مالی مسائل سے متعلق پوسٹ شیئر کی جس پر ٹیلر سوئفٹ نے خود عائشہ سے رابطہ کیا اور اپنی مداح کی مدد کے لیے 4 ہزار 828 ڈالر دئیے۔
طالبہ کا پوسٹ میں کہنا تھا کہ اس کی والدہ گردے کی بیماری میں مبتلا اور والدین کی آمدنی انتہائی قلیل ہے لہذا کالج فیس ادا کرنے کیلئے رقم موجود نہیں۔ عائشہ کو جب اپنے کالج فیس ملنے سے متعلق ای میل موصول ہوئی تو اسکی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا، عائشہ نے ٹیلر سوئفٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔