زندگی میں توازن برقرار رہا تو ٹھیک ورنہ شوبز انڈسٹری چھوڑ دونگی: کبریٰ خان

Last Updated On 26 November,2019 12:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں شاندار کارکردگی کے بعد فلم انڈسٹری میں تھوڑے ہی عرصے میں اپنے نام بنانے والی اداکارہ کبریٰ خان ڈرامہ سیریل الف، سنگ مرمر، شادی مبارک، الف اللّٰہ، انسان، انداز ستم، مقابل، خدا اور محبت سمیت دیگر ڈراموں میں کردار ادا کر چکی ہیں، ساتھ میں انہوں نے فلموں میں جوانی پھر نہیں آنی2، پرواز ہے جنون، ویلکم ٹو کراچی سمیت دیگر میں جاندار کردار ادا کر کے سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپنی زندگی میں توازن برقرار رکھ سکیں تو ٹھیک ورنہ شاید شوبز انڈسٹری سمیت یہ سب کچھ چھوڑ کر کہیں اور چلی جاؤں۔

اداکارہ کبریٰ خان کا ڈرامہ ’الف‘ حالیہ دنوں نجی ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے جس میں حسن جہاں نامی لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ڈرامہ الف اللّٰہ کا اُن کے لیے تحفہ ہے، ڈرامہ ان کے پاس آیا جب وہ زندگی میں پریشان تھیں۔ یہاں تک کہ وہ یہ سوچنے لگیں کہ کیا وہ اس انڈسٹری کا حصہ بننا چاہتی ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان

یاد رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری میں متعدد نام انڈسٹری چھوڑ کر جا چکے ہیں، جن میں سرفہرست نام اداکارہ رابی پیر زادہ کا ویڈیو سکینڈل کے بعد انڈسٹری کو چھوڑنا جبکہ اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی دین کی طرف متوجہ ہونے کے لیے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

انٹرویو کے دوران کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس اپنے اندر آنے والی روحانی تبدیلیوں کا احساس ہوا جسکے بعد ان کی زندگی اور سوچ میں تبدیلی آنا شروع ہوئی۔ پیسہ اور مادیت پسندی سب دنیا کا حصہ ہیں لیکن مجھے احساس ہوا کہ میں ان چیزوں کو اپنے ساتھ کہیں بھی نہیں لے جاسکتی۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ رابی پیر زادہ کا شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوارڈز کی خدا کے سامنے کوئی اہمیت نہیں اور شاید اسی سوچ کی وجہ سے مجھے احساس ہوا کہ مرتے وقت میں رب کے سامنے جاتے ہوئے خوفزدہ نہیں ہونا چاہتی۔ ایک وقت تھا کہ انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے خواہش تھی کہ ڈرامے دیگر لوگوں سے زیادہ پسند کیے جائیں، لیکن بعد میں سوچا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں اور آج میں جو کچھ بھی ہوں اس پر مطمئن ہوں۔ میں آج 50 ایوارڈز حاصل کرسکتی ہوں، آسکر حاصل کرسکتی ہوں لیکن اگر میں اچھی انسان نہیں تو ان سب کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ لوگوں کو ہمارے بارے میں غلط فہمی ہوتی ہے کہ تعلق شوبز سے ہے تو یہ غلط ہیں، کرپٹ ہیں جبکہ سچ نہیں ہے۔ لوگوں کی سوچ شوبز سے وابستہ لوگوں کے بارے میں بہت غلط ہے۔

انٹرویو کے اختتام میں کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ مجھے فن سے محبت ہے۔ میں آج بھی مغربی انداز کے کپڑے پہنتی ہوں، میوزک سنتی ہوں لیکن جب تک آپ کی نیت صحیح ہے اور آخر میں اگر سب کچھ ٹھیک رہا اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں اپنی زندگی میں توازن برقرار رکھ سکی تو ٹھیک ورنہ شاید میں یہ سب چھوڑ کر کہیں اور چلی جاؤں۔