4 سالہ بچی کا قتل، اداکارہ ارمینا رانا خان اداروں پر برہم

Last Updated On 28 November,2019 05:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں چار سالہ ننھی بچی جنت کے ساتھ زیادتی کی جس کے بعد بچی انتقال کر گئیں، اداکارہ ارمینا رانا خان نے سوشل میڈیا پر بچی کی تصویر شیئر کر کے اپنا غصہ اداروں پر نکال دیا۔

تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں 4 سالہ ننھی جنت کو کنویں میں پھینکنے کے واقعے نے سب کو ہلا کررکھ دیا تھا۔ ننھی جنت کنویں میں 4 دن تک زندگی وموت کی کشمکش میں پھنسی رہی تھی بعد ازاں اس نے دم توڑ دیا تھا۔

اب اداکارہ ارمینا خان نے ننھی جنت کے ساتھ بہیمانہ سلوک پرآواز اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر واقعے پر افسوس کا اظہارکیا ہے اور ساتھ ہی مسلسل ایسے واقعات ہونے پر اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انسٹا گرام پر ارمینا نے جنت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ملیے 4 سالہ ننھی جنت سے، جسے نجانے کتنے آدمیوں نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور پھرسے 80 فٹ گہرے کنویں میں پھینک دیا گیا۔ جہاں جنت 4 روز تک بھوکی پیاسی زندہ رہی۔

 

جیسے ہی جنت کا پتہ چلا اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن زخموں سے چورننھی جنت ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے اور ہسپتال کے عملے کی بے توجہی کے باعث دم توڑگئی۔ میرا سوال ہے کہ کتنی زینب، جنت اورنمرتا ہمارے ضمیر کے جاگنے سے پہلے اسی طرح دم توڑتی رہیں گی۔

ارمینا نے کہا کہ یہ آپ کی بچی بھی ہوسکتی تھی۔ نجانے کتنی بارمیرا دل ٹوٹے گا میں ایک بار پھر پوچھتی ہوں کہاں گئی ہماری شرم؟ ہماری غیرت؟

انہوں نے اداروں اور انتظامیہ سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ مہربانی کر کے کچھ کریں ہسپتالوں کو فنڈ فراہم کریں، مجرموں کے خلاف موثر قانون بنائیں۔ ہمیں آوازاٹھانی ہوگی اوربچوں کے خلاف تشدد کو بند کرنا ہوگا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس ننھی بچی کے لیے انصاف چاہیئے اس کا کیا قصور تھا ہر بار جب بھی میں یہ تصویر دیکھوں گی میری روح کو تکلیف پہنچے گی۔ میری ننھی جنت تم جنت میں آرام کرو۔ اس پوسٹ کے ساتھ ارمینا خان نے جسٹس فارجنت کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔