لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا ، جن کا اصل نام ارتضیٰ رباب ہے، نے فلموں میں اداکاری کے خوب جوہر دکھائے ہیں، اداکاری میں نام کمانے کے بعد انہوں نے نئی اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، اب وہ گلوکاری میں بھی قسمت آزمائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق 2019ء کے دوران اداکارہ میرا نے فلم ’باجی‘ سے خوب پذیرائی حاصل کی اسکے علاوہ وہ دیگر ایوارڈز ایونٹس میں بھی کافی نمایاں رہیں۔
تاہم سال کے آخر میں میرا نے تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کر کے مداحوں کی توجہ ایک بار پھر سمیٹ لی ہے۔
میرا نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئرکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے وہ سر اور راگ سیکھ رہی ہیں یعنی اداکارہ نے اشارہ دے دیا ہے کہ وہ جلد ہی گلوکاری کے میدان میں بھی سر بکھیرتی نظر آئیں گی۔
مذکورہ ویڈیو کی وضاحت میں میرا لکھتی ہیں کہ گلوکاری بڑی مشکل ہے، میں کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کر رہی ہوں، نئے کردار میں ہونا بڑا دلچسپ ہے۔
واضح رہے کہ میرا سے قبل پاکستان کی متعدد اداکارائیں اداکاری کے ساتھ گلوکاری کے جوہر بھی دکھا چکی ہیں جن میں مہوش حیات، عائشہ عمر، سجل علی اور ہانیہ عامر بھی شامل ہیں۔
مہوش حیات اور عاشہ عمر کوک اسٹوڈیو میں گلوکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جب کہ سجل علی اور ہانیہ عامر ڈارمہ سیریلز کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) گُنگُنا چکی ہیں۔