لاہور: (ویب ڈیسک) دو سال قبل پاکستانی سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث مرحومہ کے بھائی کو سعودی انٹر پول نے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو برس قبل اندوہ ناک طریقے سے قتل ہونیوالی پاکستانی سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کے بھائی کو سعودی انٹرپول نے گرفتار کر لیا۔ مظفر اقبال کو جو اپنی فیشن ماڈل بہن کے قتل میں ملوث ہونے کے سبب پاکستانی انٹرپول کو مطلوب تھا اسے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
میڈیا کے مطابق مظفر نے اپنے ایک بھائی محمد وسیم کو اکسایا تھا کہ وہ قندیل بلوچ کو قتل کر دے۔
یاد رہے کہ جولائی 2016 میں 26 سالہ قندیل بلوچ کے بھائی محمد وسیم نے اپنی بہن کا گلا گھونٹ کر اسے موت کی نیند سلا دیا تھا۔ گزشتہ برس ستمبر میں پاکستانی عدالت نے قندیل بلوچ کا قتل ثابت ہونے پر محمد وسیم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
مجرم نے گرفتاری کے چند روز بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اپنے کیے پر ہر گز نادم نہیں۔
قندیل بلوچ کے قتل کی وجہ بیان کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا اسے سوشل میڈیا پر اپنی بہن کی قابل اعتراض تصاویر اور وڈیوز کسی طور قابل قبول نہ تھیں لہذا اس نے تنگ آ کر قندیل کی جان لے لی۔
واضح رہے کہ اس جرم کے 3 ماہ بعد پاکستانی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک نیا قانون منظور کیا گیا۔ اس قانون کے تحت "غیرت کے نام پر قتل" کے مرتکب افراد کے لیے عمر قید کی سزا مقرر کی گئی۔