لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار یاسر حسین مداح کے مشورے کا برا مان گئے، انہوں نے مشورے کو نجی زندگی میں دخل اندازی قرار دیتے ہوئے مداح پر تنقیدی نشتر چلا دئیے۔
پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار و رائٹر یاسرحسین نے اپنی نجی زندگی میں بلاوجہ دخل اندازی کرنے والے مداح کو کرارا جواب دیتے ہوئے اپنے کام سے کام رکھنے کا مشورہ دے دیا۔
یاسر حسین اہلیہ اور چلبلی اداکارہ اقرا عزیز کے ہمراہ سری لنکا میں ہنی مون منا رہے ہیں اور اپنی اور سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور مزاحیہ ویڈیوز کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں بھی ہیں۔
حال ہی میں اقرا عزیز نے اپنی اور یاسر حسین کی ایک سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر کچھ لوگوں نے مثبت تو کچھ نے تنقیدی تبصرے کیے تاہم ایک صارف نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یاسر بھائی اقرا کا ایسے سوشل میڈیا پر آنا اچھا نہیں لگتا کیونکہ اب وہ آپ کی عزت ہیں۔
یاسر حسین نے اس مداح کو جواب دیتے ہوئے کہا یار مجھے تو آپ کی سوچ بھی اچھی نہیں لگتی تو کیوں نا آپ اپنے کام سے کام رکھو۔
اداکار و رائٹر یاسر حسین کے رد عمل پر کچھ اور مداحوں نے بھی بہتی گنہا میں ہاتھ دھونا مناسب سمجھا اور تنقید کا نشانہ بننے والے صارف پر مزید نشتر چلانے لگے۔
ایک مداح نے یاسر حسین کے جواب کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم بس اپنے کام سے کام نہیں رکھ سکتی، جس پر تنقید کا نشانہ بننے والے صارف نے پھر کہا کہ میں یاسر حسین کا بہت بڑا مداح ہوں، اسی لیے یاسرحسین کو مشورہ دیا تھا، جو غلط ہے وہ غلط ہے، بحیثیت مسلم آپ کو چاہیئے کہ جہاں برائی ہوتے دیکھو اسے روکو۔