ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط روکنے کی درخواست مسترد

Last Updated On 24 January,2020 03:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی سول عدالت نے مشہور ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” کی آخری قسط نشر ہونے سے روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سول عدالت میں مذکورہ ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے روکنے کے لیے ماہم جمشید نامی خاتون نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈرامہ “میرے پاس تم ہو” میں خواتین کا کردار انتہائی منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، عدالت ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے روکنے کا فوری حکم جاری کرے۔ 

عدالت نے وکلائے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ماہم جمشید کی درخواست مسترد کر دی۔ واضح رہے کہ ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر کی جانب سے لکھے گئے مذکورہ ڈرامے کو پاکستانی ناظرین کی جانب سے خوب سراہا گیا ہے، حتی کہ اس کی آخری قسط سینما گھروں میں دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔