لاہور: (ویب ڈیسک) 3 مارچ 2016 کو پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پر بننے والی پاکستانی فلم ’ڈھائی چال‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ عائشہ عمر اور شمعون عباسی کی آنے والی فلم ’ڈھائی چال‘ کا پہلا ٹریلر 1 منٹ اور 16 سیکنڈز پر مبنی ہے۔ ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے اداکار شمعون عباسی بھارتی جاسوس کلبھوشن کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
’ڈھائی چال‘ کی عکس بندی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی گئی ہے جس میں اداکارہ عائشہ عمر ایک صحافی کا کردار کرتی دکھائی دیں گی جو بلوچستان کے خطے کی اصل تصویر پیش کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے۔
فلم کے ہدایتکار تیمور شیرازی ہیں اور اس کا سکرپٹ فرحین چوہدری نے لکھا ہے جبکہ دیگر کاسٹ میں عدنان شاہ ٹیپو، رشید ناز، سلیم معراج، ہمایوں اشرف، پاکیزہ خان اور بلوچستان کے متعدد تھیٹر آرٹسٹ بھی شامل ہوں گے۔
فلم ’ڈھائی چال‘ رواں سال ہی ریلیز کی جائے گی کہ ریلیز کی تاریخ کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ چار سال قبل 3 مارچ 2016 کو پاکستان نے ملک میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کیخلاف ایک اہم کامیابی حاصل کرنے کا اعلان کیا اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو ایران کے سرحد ی علاقے ساروان سے پاکستانی صوبے بلوچستان کے علاقے مشاخیل میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔بھارتی جاسوس کے قبضے سے پاسپورٹ ، مختلف دستاویزات، نقشے اور حساس آلات برآمد ہو ئے۔
ابتدائی تفتیش میں بھارتی جاسوس نے اعتراف کیا کہ وہ انڈین نیوی میں حاضر سروس کمانڈر رینک کا افسر ہے اور 2013 سے خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کررہا ہے جبکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے، بلوچستان اور کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنا اس کا اہم مشن تھا۔