لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اشنا شاہ نے اپنی پوسٹ پر معافی مانگنے کے بعد وضاحتیں پیش کرنا شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ایسی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں وہ رقص کرکے لوگوں کو سماجی فاصلے کے حوالے سے آگاہی دے رہے ہیں جبکہ اس کا ایک اور مقصد مریضوں کی صحت یابی پر خوش ہونا بھی ہے۔
اشنا شاہ نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ان ویڈیوز کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں حیران ہوں کہ ڈاکٹرز، نرسوں کے پاس اتنا وقت کہاں سے آگیا کہ وہ وقفہ لیں اور ڈانس کریں۔
اداکارہ کو ٹویٹ مہنگی پڑ گئی اور صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اُشنا شاہ نے ٹویٹ ڈیلیٹ کی اور اب انہوں نے معافی مانگ کر وضاحت پیش کردی۔
پاکستانی اداکارہ نے اپنی اوپر ہونے والی تنقید کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میری پوسٹ کا مقصد کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا، میں تذبذب کا شکار تھی کہ اگر طبی عملے کے پاس ڈانس کرنے کا وقت ہے تو وہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیند پوری کریں۔
انہوں نے لکھا کہ میرا بھی ماننا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو آرام کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ہی اس کڑے وقت میں مسیحا کا کردار ادا کررہے ہیں، میں تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور اُن کی خدمات کو سراہتی ہوں۔