اداکارہ مایا علی کا سوشل میڈیا سے عارضی طور پر دور رہنے کا اعلان

Last Updated On 07 April,2020 08:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کی مشہور اداکارہ مایا علی نے سوشل میڈیا سے عارضی طور پر دور رہنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مایا علی نے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سے خود کو گھر تک محدود کیا ہوا ہے اور وہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلچسپ پوسٹ شیئر کرکے مداحوں کی حوصلہ افزائی کررہی تھیں۔

انسٹا گرام پر اداکارہ نے اپنے تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سوشل میڈیا سے عارضی دوری اختیار کر رہی ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ جانتی ہوں کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر شخص کچھ نا کچھ کررہا ہے، میں پہلی بھی کہہ چکی اور امید رکھتی ہوں کہ یہ وقت بھی گزر ہی جائے گا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اس کڑے وقت کو اچھے انداز سے گزارنے کے لیے ہر شخص اپنی طور پر بہترین کرنے کی کوشش کررہا ہے، میں نے بھی سوچا کہ یہ بہترین وقت ہے جب میں اپنے اندر کے (روحانی) سکون کو تلاش کروں اور خود کو بہتر کروں، اس لیے میں عارضی طور پر سوشل میڈیا سے دوری اختیار کررہی ہوں۔

مایا نے لکھا کہ میں اللہ کا بے حد شکر ادا کرتی ہوں جس نے مجھے اتنی رحمتوں سے نوازا، ہمیں کبھی اُن رحمتوں کے بارے میں سوچنا چاہیے جو رب نے ہم پر کی ہوئی ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ اشیائے ضروریہ (راشن) کی تقسیم کے حوالے سے وہ وقتاً فوقتاً آگاہ کرتی رہیں گی۔

مایا نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو غریبوں کے لیے مشکل وقت میں امید کی کرن بن کر سامنے آئے اور مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حفاظت کریں اور زیادہ سے زیادہ گھروں پر ہی قیام کریں۔